نوکیا کا نیا بٹن فون فور جی سپورٹ کے ساتھ لانچ
Nokia 110
لاہور:(ویب ڈیسک) ماضی کی مشہور موبائل فون کمپنی نوکیا نے اپنے بٹن فونز کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے فور جی ٹیکنالوجی میں نیا فون متعارف کروا دیا ہے۔

عالمی سطح پر معروف کمپنی ایم ایم ڈی (MMD) نے نوکیا 110 کو جدید خصوصیات کے ساتھ دوبارہ لانچ کر دیا ہے،جسے فور جی سپورٹ اور جدید بیٹری کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ نوکیا 110 فور جی طاقتور بیٹری سے لیس ہے،جو صارفین کو 8 گھنٹے تک مسلسل بات چیت کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

واضح رہے کہ یہ بیٹری بٹن فونز کی دنیا میں ایک انقلابی اضافہ ہے،جسے خاص طور پر ان صارفین کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے جو سادگی کو جدیدیت کے ساتھ پسند کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں فون میں بلوٹوتھ فیچر بھی شامل ہے،جس سے صارفین آسانی سے فائلز اور میوزک کا تبادلہ کر سکتے ہیں۔

کمپنی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ نوکیا 110 کو ایک اپگریڈڈ ریئر کیمرے کے ساتھ متعارف کرایا ہے تاکہ کم روشنی میں بھی اچھے نتائج حاصل کیے جا سکیں۔مزید یہ کہ اس فون کی اسکرین کو بھی بہتر ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے،جسے دیکھ کر صارفین کیلئے فون استعمال کرنا مزید خوشگوار ہو گا۔

ذہن نشین رہے کہ نئے نوکیا 110 فور جی  واٹر اور ڈسٹ ریزسٹ جیسی خصوصیات سے بھی لیس ہے،جس سے فون کو طویل عرصے تک محفوظ رکھا جا سکے گا۔یہ خصوصیت بٹن فونز میں خاصی اہمیت رکھتی ہے،خاص طور پر ان لوگوں کیلئے جو فون کو سخت ماحول میں استعمال کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ کمپنی نے فی الحال نوکیا 110 فور جی کی عالمی قیمت کا اعلان نہیں کیا،تاہم پاکستانی مارکیٹ میں اس کی متوقع قیمت 8 ہزار روپے تک ہو سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید فیچرز کے ساتھ یہ بٹن فون ایک بار پھر لوگوں کے دلوں میں جگہ بنا سکتا ہے اور نوکیا کی مقبولیت کو دوبارہ سے بڑھنے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔